نئی دہلی ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ریلائنس انڈسٹریز کی جانب سے خریداروں کیلئے جاری کئے گئے، ایک بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کمپنی ان پرانی قیمتوں پر ہی گیس فروخت کرنے پر مجبور ہے جن کی مدت بہت پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز نے KG-D6 گیس خریدنے والے گاہکوں سے وضاحت کرتے ہو ئے کہا کہ جب بھی اور جیسے بھی گیس کی نئی قیمتوں کو منظوری ملے گی ۔ ان کا اطلاق یکم اپریل 2014 ء سے ہوگا ۔ یوریا نیوکلیئرنگ پلانٹس کو اپنے ایک صفحہ پر مشتمل مکتوب میں آر آئی ایل نے کہا کہ وہ یکم اپریل سے فی یوم 12.5 ملین کیویک میٹر گیس پرانی قیمتوں پر سربراہ کرتا آیا ہے لیکن جب نئی حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا تو وہ یکم اپریل سے ان نئی قیمتوں کا اطلاق کرتے ہوئے قیمتوں کے فرق کی رقم بھی وصول کرے گا۔
بھرت پور میں برقی شاک سے پانچ ہلاک
بھرپور (راجستھان) ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) پانچ افراد اس وقت برقی شاک سے ہلاک ہوگئے جب ایک پائپ جس کی وہ مرمت کر رہے تھے، اچانک برقی رو کی زد میں آگیا جبکہ ایک فرد کے شدید طور پر جھلس جانے کی بھی اطلاع ہے ۔ دریں اثناء چکسانہ پولیس اسٹیشن کے SHO بہاری لال نے بتایا کہ 30 سالہ بھورا ، اس کی بیوی 25 سالہ پوجا، 30 سالہ رام کمار ، 32 سالہ ستیش اور 16 سالہ لڑکی رجنی برقی رو کی زد میں آکر جائے حادثہ پر ہی فوت ہوگئے ۔ حادثہ کے وقت یہ تمام افراد ایک خشک بورویل سے پائپ نکالنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک لوہے کا پائپ ایک دیگر برقی تار سے چھوگیا ۔ شدید زخمی ہونے والے فرد کی شناخت 16 سالہ ادے سنگھ کی حیثیت سے عمل میں آئی جسے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔