نئی دہلی ۔ یکم اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو عام آدمی کے بجٹ پر ڈاکہ قرار دیا اور کہا کہ نریندر مودی حکومت عوام پر حکمرانی کا اخلاقی حق کھوچکی ہے ۔ کانگریس قائد پون کمار نے کہا کہ اچھے دن کا سراب جس کا وزیراعظم نے تیقن دیا تھا اس کا عوام آئندہ عام انتخابات میں منہ توڑ جواب دیں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ٹیکس دہندوں کی بچت کا سرقہ کررہی ہے اور کہا کہ پارٹی کو آئندہ ایک اور میعاد کا موقع دینے پر عوام کو اس کی زبردست قیمت چکانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پٹرول اور قیمتوں پر جی ایس ٹی برخواست کرتے ہوئے انہیں قابو میں لانا چاہیئے ‘ اس کے بجائے انہوں نے پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عام آدمی کے بجٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عوام کے ساتھ اس دھوکہ دہی کا بی جے پی کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔