پردھان منتری اجوالا یوجنا پر مایاوتی کا ردعمل
لکھنو ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے آج پردھان منتری اجوالا یوجنا کو سمندر کے ایک قطرہ سے تعبیر کیا اور یہ الزام عائد کیا کہ مفت گیس سلنڈر کی بجائے مفت گیس کنکشن کی فراہمی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نریندر مودی حکومت کو غریبوں سے کس قدر محبت ہے ۔ انہوں نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ ملک بھر میں جاریہ سال بی پی ایل خاتون ارکان کو 1.5 کروڑ مفت یل پی جی کنکشن فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے جو کہ برائے نام ہے اور اترپردیش جیسی بڑی ریاست میں غریبوں کے لیے کارگر ثابت نہیں ہوسکتی جہاں کی آبادی 22 کروڑ ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مقررہ نشانہ کو سمندر میں قطرہ سے تعبیر کرتے ہوئے مایاوتی نے غریبوں کے لیے مفت سیلنڈر فراہم کرنے کی بجائے مفت کنکشن دینے کے فیصلہ پر تنقید کی اور بتایا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت بے نقاب ہوگئی ہے کہ اسے غریبوں کے ساتھ کس قدر ہمدردی ہے ۔ انہوں نے بلیاء میں اتوار کے دن وزیر اعظم کی جانب سے شروع کی گئی 8000 کروڑ کی اسکیم کا تذکرہ کیا جس میں آئندہ 3 سال میں 5 کروڑ ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ بی ایس پی سربراہ نے صرف وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقہ وارناسی میں ای رکشاؤں کی تقسیم اور ریاست کے باقیماندہ 79 پارلیمانی حلقوں کو نظر انداز کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ یہ امتیازی رویہ مناسب نہیں ۔۔