گیس سیلنڈر کی قیمت میں اضافہ غریب عوام پر بوجھ

ڈیجیٹل معیشت کی بات کرنے والی حکومت دھوکہ باز : کانگریس
نئی دہلی ۔2مارچ(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے گیس سیلنڈرکی قیمتوں میں اضافہ پرحکومت پرطنز کرتے ہوئے آج کہا کہ سب کے مفاد کی بات کرنے والی مودی حکومت مسلسل غریبوں پر وارکر رہی ہے ۔ گزشتہ چھ ماہ میںگیس سیلنڈر کی قیمت میں 58فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ گیس سیلنڈر کی قیمت میں حکومت نے کل رات 86روپے فی سلینڈر کا اضافہ کردیا۔اس سے غریب عوام کو کاری ضرب لگی ہے اس کے باوجود حکومت مسلسل غریب عوام پر حملہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر میں ایک سلینڈر کی قیمت 486 روپے تھی جو اب بڑھ کر 737روپے ہوگئی ہے ۔گزشتہ سستمبر سے حکومت نے گیس سلینڈر کی قیمت  میںچھ مرتبہ اضافہ کیا اورگزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اس کی قیمت میں 271 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کی بات کرنے والی مودی حکومت نے غریبوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔حکومت نے بینک سے اپنا پیسہ نکالنے پر ہی بڑا ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ پہلے پانچ بار اے ٹی ایم سے اپنا پیسہ نکالنے پر 20روپے ٹیکس لگتا تھا لیکن اب اس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر جملے بازی کرکے لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا اور کہا کہ اترپردیش میں ووٹ کیلئے نریندرمودی جھوٹ بول رہے ہیں۔ مودی ووٹ کی سیاست کے لئے جس طرح سے غلط بیان بازی کرکے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں،اس سے وزیراعظم کے عہدے کا وقار گھٹ رہا ہے اور مودی کو اس کے لئے ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہیئے ۔