گیس سلینڈرس کوٹہ میں اضافہ ہوگا : موئیلی

نئی دہلی 17 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر پٹرولیم مسٹر ایم ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ سبسڈی پر فراہم کئے جانے والے پکوان گیس سلینڈرس کی تعداد کو سالانہ 9 سے بڑھا کر 12 کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی جانب سے اضافہ کی وکالت کے بعد یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہاں اس کوٹہ میں اضافہ کیا جائیگا ۔

گذشتہ ہفتے تک ویرپا موئیلی یہ کہتے آ رہے تھے کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی والے گیس سلینڈرس کی تعداد میں اضافہ کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مرکزی کابینہ کی جانب سے فیصلہ کے بعد اس کاباضابطہ اعلان کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ بہت جلد اس تعلق سے فیصلہ کریگی ۔وزارت تیل کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ مسٹر ویرپا موئیلی سے ہدایت ملنے کے بعد معاشی امور سے متعلق کابینی کمیٹی میں غور و خوض کیلئے سلینڈرس کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کرینگے ۔ راہول گاندھی نے کل ہند کانگریس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تھا کہا کہ گھریلو صارفین کو سالانہ 9 سلینڈرس کافی نہیں ہوتے اور اس کوٹہ کو اضافہ کرتے ہوئے 12 کرنے کی ضرورت ہے ۔ ویرپا موئیلی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ صرف 10 فیصد صارفین کو مارکٹ قیمت پر اضافی سلینڈرس خریدنا پڑ رہا ہے ۔