نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈرس کی تعداد میں اضافہ کرنے کانگریس کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزیر پٹرولیم مسٹر ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ حکومت سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈرس کے کوٹہ کو 9 سے 12 کرنے پر سنجیدگی سے غور کریگی ۔ مسٹر موئیلی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ کوٹہ میںاضآفہ کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ انہوں نے آج کہا کہ وہ وزیر فینانس مسٹر پی چدمبرم سے مشاورت کرینگے اور سیاسی امور سے متعلق کابینی کمیٹی سے بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔ واضح رہے کہ آج کانگریس ارکان پارلیمنٹ سنجے نروپم ‘ پی سی چکو اور مہابل مشرا نے آج موئیلی سے ملاقات کرتے ہوئے درخواست کی تھی کہ عوام کو فراہم کئے جانے والے سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈرس کی تعداد کو 9 سے بڑھا کر 12 کردیا جانا چاہئے ۔ مسٹر پی چدمبرم نے بھی گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ کئی چیف منسٹروں نے مطالبہ کیا کہ ہے اس کوٹہ میں اضافہ کیا جائے اور حکومت ان مطالبات کا جائزہ لے گی ۔
حکومت نے اپنے سبسڈی اخراجات میں کمی کرنے 2012 میں سبسڈی والے گیس سلینڈرس کی فراہمی کی تعداد کو 6 تک محدود کردیا تھا جسے 2013 میں بڑھا کر 9 کیا گیا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ مسٹر سنجے نروپم نے کہا کہ کئی گھروں میں ان کا مقررہ 9 سلینڈرس کا کوٹہ جاریہ مالیاتی سال کے ابتدائی نو مہینوں ہی میں ختم ہوگیا ہے اور اب انہیں مارکٹ قیمت پر سلینڈر خریدنا پڑ رہا ہے ایسے میں حکومت کو چاہئے کہ وہ کوٹہ میں اضافہ کی تجویز کا جائزہ لے ۔
سبسڈی والے گیس سلینڈرس کی تعداد میں اضافہ کیلئے راہول کی منموہن سنگھ سے نمائندگی
نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈرس کے کوٹہ میں اضافہ پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں آج وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے نمائندگی کی ہے ۔ پارٹی ذرائع نے اس سوال کا مثبت جواب دیا کہ آیا اس مسئلہ پر راہول گاندھی کی آج صبح وزیر اعظم سے ملاقات میں کوئی بات چیت ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم کے ساتھ راہول گاندھی کی ملاقات کے فوری بعد پارٹی کے کچھ ارکان پارلیمنٹ نے وزیر تیل مسٹر ویرپا مویلی سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈرس کی تعدادکو 9 سے بڑھاکر 12 کردیا جائے ۔ پارٹی کے کئی قائدین گذشتہ کچھ وقت سے مسلسل مطالبہ کر رہے تھے کہ پکوان گیس سلینڈرس کی سالانہ تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ آج راہول نے اس کیلئے وزیر اعظم سے نمائندگی کی ۔