حکومت پر غفلت کا الزام ، تحفظ کیلئے وزیراعظم کو احمد پٹیل کی تجاویز
احمدآباد۔ 6 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے وزیراعظم نریندر مودی کے نام اپنے ایک مکتوب میں گجرات کے گیر جنگلات میں گیر جنگلات میں ایشیائی ببروں کی بڑے پیمانے پر اموات کو حکومتِ گجرات کی طرف سے ماحولیات کو نظرانداز کرنے کی ایک مثال قرار دیا اور اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے چند تجاویز پیش کی ہیں۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے مکتوب میں کہا کہ گیر ببروں کی اموات دراصل حکومت گجرات کی کمزور بصیرت، طویل عرصہ سے جاری بدنظمی کا نتیجہ اور غفلت و لاپرواہی کی ایک مثال ہے۔ ببروں کو بچانے کیلئے ان کی طرف سے تجویز کردہ اقدامات میں گیر نیشنل پارک میں ان ایشیائی ببروں کیلئے محفوظ ماحولیاتی خطہ کو مزید 10 کیلومیٹر تک وسعت دینا غیرقانونی تفریح گاہوں کی برخاستگی اور ان جانوروں کو مزید بہتر انداز میں صحت و طبی نگہداشت پہونچانا بھی شامل ہے۔ احمد پٹیل نے شیروں کے تحفظ کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے 18 ریاستوں کا احاطہ کرتے ہوئے تشکیل شدہ ٹائیگر پراجیکٹ کے خطوط پر گجرات کے ببروں کے تحفظ کیلئے 1,000 کروڑ روپئے کا خصوصی فنڈ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ واضح رہے کہ گجرات کے گیر جنگلات میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کم سے کم 25 ببر مختلف وجوہ کی بناء پر فوت ہوتے ہیں۔ 2015ء کے اعداد کے مطابق گجرات میں کم سے کم 523 ببر ہیں۔