گیتا کو اُس کے والدین سے ملانے سشما سوراج کا وعدہ

اندور ۔ 30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج گیتا سے وعدہ کیا کہ وہ جاریہ سال اکٹوبر میں پاکستان سے 10 سال بعد وطن واپس آنے والی گیتا کو جلد از جلد اُس کے والدین سے ملا دیں گی اور اُن کا پتہ چلانے کی ہرممکن کوشش کریں گی ۔ گیتا 26 اکٹوبر کو ہندوستان آئی تھی ۔ 10 سال قبل نادانستہ طورپر وہ سرحدپار کرکے پاکستان میں داخل ہوگئی تھی ۔ وہاں کی ایک غیرسرکاری تنظیم نے اُسے 10 سال تک پناہ دی تھی ۔ کل سشما سوراج نے گیتا سے ملاقات کی ۔ سشما نے کل رات ایک ہوٹل میں یہ ملاقات کی جہاں وہ مقیم تھی ۔ لڑکی جیسے ہی وزیرخارجہ سے ملاقات کیلئے پہونچی ، جذبات سے مغلوب وزیر خارجہ نے اُسے گلے لگالیا ۔ ملاقات 30 منٹ جاری رہی جس کے دوران سشما سوراج نے گیتا کو تیقن دیا کہ وہ اپنے تمام دستیاب ذرائع استعمال کریں گی تاکہ گیتا کے والدین کا پتہ چلایا جاسکے اور جلد از اُس کی ملاقات اُس کے والدین سے کروائی جاسکے ۔