گیاس کی قیمت کے مسئلہ پر سوالات سے موئیلی کو اُلجھن

نئی دہلی۔ 25 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی نے آج اُس ایف آئی آر کے بارے میں سوالات کا جواب دینے سے انکار کردیا جو قدرتی گیاس کی قیمت کے تعین کے سلسلے میں اُن کے اور صنعت کار مکیش امبانی کے خلاف دہلی میں درج کرائی گئی ہے ۔ موئیلی نے اس معاملے میں استفسار پر کہا کہ اس کا موقع ہونا چاہئے ۔ عوام کا موڈ خراب نہ کیجئے جو اس وقت لطف کے موڈ میں ہیں، اس کا کچھ احترام کیجئے ۔ محض اخباری مقصد کیساتھ طرز عمل اختیار مت کیجئے ۔ اُن کے ہمراہ وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش بھی تھے۔

امریکی ٹریڈ کمیشن ارکان کو ویزا سے انکار کی تردید:حکومت
نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے امریکی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن کے ارکان کو ویزا منطور نہ کرنے کے فیصلہ سے متعلق اطلاعات کو آج مسترد کردیا ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی تجارتی کمیشن کا خیرمقدم ہے اور ویزا سے انکار کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ کمیشن کن کن سے ملاقات کرے گا ، یہ علحدہ سوال ہے اور اس کا فیصلہ انتظامی بنیادو ںپر کیا جائے گا۔ اس کمیشن نے ہندوستان کی تجارتی اور سرمایہ کاری پالیسیوں کے خلاف تحقیقات شروع کی ہے ۔ حکومت نے آج یہ وضاحت اس وقت کی جب یہ اطلاعات مل رہی تھی کہ امریکی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن ارکان کو ویزا منظور نہیں کیا جارہا ہے۔