گیارہ ہندوستانی شہریوں کی پاکستانی طیارہ سے نئی دہلی آمد

نئی دہلی ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کی ستائش کی اور یمن میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے اور ساتھ ہی ساتھ انہیں ہندوستان پہنچانے کا خصوصی انتظام کرنے پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے اظہارتشکر کیا ہے۔ مودی نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہارکیا کہ ہندوستان نے یمن سے تخلیہ میں کئی ممالک کی مدد کی ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ یمن سے جو 11 شہری پاکستان کی مدد سے واپس ہوئے ہیں، اس کا وہ غیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف آپ کے انسانی جذبہ خیرسگالی کا شکریہ۔ ایک اور ٹوئیٹ کرتے ہوئے مودی نے لکھا کہ انسانی خدمات کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ اس بات کی خوشی ہیکہ ہم نے یمن سے تخلیہ میں کئی ممالک کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں پڑوسی بنگلہ دیش، مالدیپ، میانمار، نیپال، پاکستان اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا کہ پاکستان کا یہ ایک انتہائی مثبت، فراخدلانہ اور خیرسگالی جذبہ ہے۔ مسٹر جئے شنکر نے ایک سوال پر جواب دیا کہ ’’پاکستان نے بڑی زحمت کی ہے اور ہمیں اس کی ستائش کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ اس دوران 11 ہندوستانی شہری پاکستانی فضائیہ کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ نئی دہلی پہنچے۔ پاکستان ہائی کمشنر عبدالباسط ان ہندوستانی شہریوں کے خیرمقدم کیلئے ایرپورٹ پر موجود تھے۔