بیجنگ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی چین میں گہری دھندکی وجہ سال کے پہلے دن معمولات زندگی درہم برہم رہنے کے بعد آج لوگوں کو تھوڑی راحت ملی جسکے بعد بیجنگ میں ہوائی خدمات دوبارہ شروع کر دی گئیںلیکن محکمہ موسمیات کے مطابق دھند اور دھوئیں کے ملنے سے بننے والے ا سماگ سے ملنے والی راحت صرف کچھ وقت کیلئے ہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بیجنگ اور تیانجن شہر میں دھند کے دوبارہ لوٹنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ دھند کی وجہ سے کل سینکڑوں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں تھیں اور بڑی قومی شاہراہوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ واضح رہیکہ گزشتہ ماہ کے وسط میں بھی شمالی چین کے زیادہ تر حصے میں دھند چھا جانے کی وجہ سے کئی فیکٹریاں بند کر دی گئی تھیں اور اخراج کو کم کرنے کیلئے گاڑی ڈرائیوروں پر پابندی لگادی گئی تھی۔ سردی کے موسم میں شمالی چین میں دھند کا مسئلہ عام بات ہے ۔ اس دوران بجلی کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔
زیادہ تر پاور پلانٹ کوئلے پر مبنی ہیں اور اس سے آلودگی پھیلتی ہے۔