کلکٹر حیدرآباد اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ کمشنر جی ایچ ایم سی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( ایجنسیز ) : جی ایچ ایم سی حدود میں گھر گھر سروے کے انعقاد کے لیے تقریبا ایک لاکھ افراد پر مشتمل عملہ کو متعین کیا جائے گا ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار نے اس سلسلہ میں کلکٹر حیدرآباد مکیش کمار مینا اور محکمہ مال اور جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ اگرچیکہ موجودہ طور پر ایک لاکھ افراد پر مشتمل عملہ جی ایچ ایم سی کے پاس دستیاب نہیں ہے تاہم ریاست تلنگانہ کے دیگر علاقوں سے 19 اگست کو سروے کے انعقاد کے لیے انتظامات کئے جائیں گے ۔ زونل ، ایڈیشنل ، ڈپٹی کمشنرس ، ٹاون پلاننگ عہدیدار اور محکمہ جات مال ، جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں نے دفتر جی ایچ ایم سی پر منعقد ہونے والے ابتدائی اجلاس میں شرکت کی ۔۔