جمعتہ الوداع کو مکہ مسجد کے تاریخی اجتماع سے مولانا پیر نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : عالمی قرآنی روحانی مہم کے بانی و محرک خادم القرآن مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے مکہ مسجد میں جمعتہ الوداع کے موقع پر تاریخی اجتماع سے قبل نماز جمعہ خطاب عام میں نسبت قرآن اور محبت صاحب قرآن ﷺ کے وسیلہ سے لاکھوں فرزندان توحید سے اس بات کا عہد لیا کہ وہ اپنے نونہالاں اسلام اور امت محمدیؐ کی نئی نسل کو حافظ قرآن اور قاری قرآن بنائیں گے ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دور حاضر کی باطل کی طاقتوں سے ہرگز ناگھبرائیں اور کہا کہ مسلمان کبھی دہشت گرد تھا نہ ہے اور نہ ہوگا بلکہ ہمارا وجود مخلوق خدا کے لیے خیر امت ہے ۔ مولانا پیر نقشبندی نے جذباتی انداز میں ان عناصر کو انتباہ دیا جو مسلمان ہند کے جذبہ حب الوطنی پر سوال کرتے ہیں ۔ پیر نقشبندی نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے ماں باپ کا احترام کریں ۔ جب کہ نوجوانوں کو اللہ کا واسطہ دیتے ہوئے جہیز کی لعنت سے بچنے اور کسی مظلوم باپ کو بیٹی کی شادی کے لیے سود پر رقم حاصل کرنے پر مجبور کر کے عذاب الہیٰ میں مبتلا نہ ہونے کی تلقین کی ۔ مولانا پیر نقشبندی جن کی میزبانی میں گذشتہ 25 سال سے عالم اسلام کے جید و ممتاز قراء عظام ماہ رمضان المبارک میں ہندوستان کے مختلف علاقوں میں عالمی قرآنی مہم کے ذریعہ اپنے منفرد و مسحور کن مخصوص لحن میں آیات قرآنی کی تلاوت سے بندگان الہیٰ کے قلوب میں حرارت ایمانی کو تازہ کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں اور جنہیں محرک قرآنی مہم کی نمائندگی پر ہر دور کے ریاستی چیف منسٹر بشمول موجودہ وزیر اعلیٰ تلنگانہ جناب کے چندر شیکھر راؤ نے ان قراء اکرام کو حکومت کا مہمان قرار دیا ۔ جامعہ ازہر شریف قاہرہ مصر کے شیخ محرم العطار ، شیخ محمد مکاوی کے علاوہ حکومت افغانستان کے مفتی حافظ و قاری امان اللہ احمدی اور حکومت ایران کے آغا قاری خسروی امینی نے تلاوت قرآن پاک سے سامعین پر ایک روحانی کیفیت پیدا کردی ۔ مہمان قراء نے 10-30 تا 12-30 بجے مسلسل دو گھنٹے تک قرآن پاک کی مختلف آیاتوں کی تلاوت کی ۔ ہر طرف سے سبحان اللہ ، سبحان اللہ کی صدائیں آرہی تھیں ۔ عین اذاں سے قبل مولانا پیر شبیر نقشبندی نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ بارگاہ خداوندی میں قرآنی مہم کے کامیاب 25 سال اہتمام پر شکرانہ ادا کرتے ہوئے دعا کی ۔ مہمان قراء کا مکہ مسجد میں آمد پر جناب نعیم الدین مہتمم مکہ مسجد نے چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ جناب راجیو شرما کی ہدایت پر پرتپاک استقبال کیا اور آخر میں ہزاروں مسلمانوں نے نعرے تکبیر اللہ ہو اکبر کے ساتھ ان قراء کو وداع کیا ۔۔