انجمن ترقی اُردو عظیم تر حیدرآباد سے سلائی مشینوں کی تقسیم، جناب ظہیرالدین علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 31 ڈسمبر (پریس نوٹ) انجمن ترقی اُردو عظیم تر حیدرآباد کے زیراہتمام گزشتہ منگل سہ پہر اُردو گھر مغلپورہ میں انجمن کے شعبہ خود روزگار اسکیم کے تحت چلائے جانے والے ٹیلرنگ ٹریننگ سنٹرس کے دوسرے گروپ کی فارغ التحصیل اور عملی تربیت یافتہ خواتین اور طالبات کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان میں اسناد اور غریب و مستحق خواتین میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔ جلسہ کی صدارت شہری انجمن کے صدر جناب محمد مسعود علی خاں نے کی۔ جبکہ مسرس ظہیرالدین علی خاں، جناب محمد عبدالرحیم خاں اور پروفیسر فاطمہ پروین مہمانان خصوصی تھے۔ مہمان مقررین نے خواتین و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ’’آج وقت و حالات کا تقاضہ ہے کہ مسلسل ورثہ میں چلی آرہی غربت اور معاشی افلاس کے خاتمہ کے لئے خواتین بھی اپنے آپ کو علم و ہنر سے آراستہ کریں
اور جو خواتین و طالبات اپنی تعلیم ترک کرکے گھر بیٹھی ہوئی ہیں اور اپنے مستقبل کے لئے بے شمار مسائل سے دوچار ہیں اگر وہ بھی منفعت بخش ہنر سیکھ لیں اور گھر بیٹھ باعزت طور پر کچھ روپیہ کمانے لگیں تو یقین ہے کہ ان بنیادی معاشی مسائل خود بہ خود حل ہوجائیں گے۔ ٹیلرنگ کا فن سیکھ کر باعزت ذریعہ معاش کو اپنایا جاسکتا ہے۔ مسلم اور پردہ دار خواتین کے لئے اس سے ہنر اور کوئی باعزت ذریعہ معاش نہیں ہوسکتا۔ غربت کے باعث معصوم بچوں کو ان کے کھیلنے، پڑھنے، لکھنے اور ایک روشن مستقبل کی طرف رواں دواں ہونے کی عمر میں بچہ مزدوری کو بھیجنے اور ان کے مستقبل کو تاریک ہونے سے روکا جاسکتا ہے بشرطیکہ والدین بالخصوص مائیں اپنے میں احساس ذمہ داری کا جذبہ پیدا کرکے اپنی غربت پر قابو پانے کے عزم سے میدان عمل میں اُتریں۔ ملت کی اس زبوں حالی کے پیش نظر انجمن نے پرانے شہر کے مختلف محلہ جات میں خواتین کے لئے بلا معاوضہ ٹیلرنگ تربیتی مراکز قائم کئے ہیں، خواہشمند اور بالخصوص ضرورت مند خواتین ان مراکز سے استفادہ کرسکتی ہیں۔
مہمانان خصوصی مسرس ظہیرالدین علی خاں، محمد عبدالرحیم خاں اور پروفیسر فاطمہ پروین نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ وہ خواتین گھر کی مصروفیات کے بعد آرام کرنے، ٹی وی پر غیر اخلاقی سیریلس دیکھنے یا پڑوسیوں سے فضول گفتگو میں وقت گزارنے کے بجائے وہی قیمتی وقت گھر کی معاشی پریشانی دور کرنے اور اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات کی پابجائی کرنے کے لئے باعزت طریقہ پر کچھ ذرائع آمدنی پیدا کریں تو یقیناخوش حالی گھر کی دہلیز چومے گی۔ ابتداء میں ظہیرالدین بابر نے سورہ رحمن کا اُردو ترجمہ پیش کرکے ایک گوناں سماع باندھ دیا۔ باقر تحسین نے بارگاہ رسالت مآب ؐمیں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ جناب علی خاں، ڈاکٹر راہی نے جلسہ سے خطاب کیا۔ جبکہ محمد مسعود علی خاں نے خیرمقدمی تقریر کرتے ہوئے انجمن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ سید فضل الحق رضوی نے کارروائی چلائی جبکہ میر وقارالدین علی خاں کے شکریہ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔