گھر کی تلاشی کا حکم حیرت کا باعث تھا ‘ منوہر پریکر

پاناجی4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع منوہر پریکر نے آج کہا کہ ایک مقامی عدالت کی جانب سے ان کی سرکاری قیامگاہ کی تلاشی کے وارنٹ کی اجرائی پر انہیں حیرت ہوئی تھی ۔ عدالت نے سابق وزیر گوا فرانسیسکو مکی پچیکو کی تلاش کیلئے یہ وارنٹ جاری کیا تھا جو 2006 کے ایک مقدمہ میں خاطی قرار دئے جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ منوہر پریکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حکمنامہ پر انہیں حیرت ہوئی تھی کیونکہ وہ ایک دن قبل ہی سرکاری قیامگاہ کو منتقل ہوئے تھے ۔ ایک مقامی عدالت نے 23 اپریل کو وارنٹ جاری کیا تھا کہ اکبر روڈ پر واقع وزیر دفاع کی قیامگاہ کی تلاشی لی جائے ۔ ایک سماجی کارکن آئرس راڈرگیوز نے عدالت سے شکایت کی تھی کہ پولیس گوا کے سابق وزیر کی تلاش میں تاخیر سے کام لے رہی ہے ۔ راڈرگیوز نے عدالت سے کہا تھا کہ یہ اطلاعات ہیں کہ پچیکو اکبر روڈ نئی دہلی میں روپوش ہے ۔ مقامی عدالت کے وارنٹ پر گوا میں ایک اور عدالت نے حکم التوا جاری کردیا تھا ۔