گھر واپسی : ایسٹر کے موقع پر 51 افراد نے ہندو مذہب اختیار کیا

کوٹیم (کیرالا)۔ /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)وشواہندو پریشد کے گھر واپسی پروگرام کے تحت تقریباً 51 افراد نے آج ہندو مذہب اختیار کرلیا ۔ ایسٹر کے موقع پر کروچی کے قریب 25 مرد اور 26 خاتون عیسائیوں نے ہندو مذہب میں واپسی اختیار کی۔ وی ایچ پی ڈسٹرکٹ سکریٹری پی کے گوپال کرشنن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جبری مذہبی تبدیلی نہیں تھی اور 20 خاندانوں سے تعلق رکھنے والے تمام افراد نے اپنی مرضی سے ہندو مذہب اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں صرف سہولت مہیا کی ہے ۔ انہوںنے ایسٹر کے موقع پر یہ پروگرام منعقد کرنے کی بھی مدافعت کی اور کہا آج چونکہ تعطیل ہے اس لئے سب کو سہولت تھی ۔ گوپال کرشنن نے بتایا کہ اب تک 153 افراد نے جن میں اکثریت عیسائیوں کی ہے ہندو مذہب میں واپسی کی ہے ۔