جہان آباد، 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہارکے ضلع جہان آباد کے پرسبگھا تھانہ کے گھوسی گاؤں میں آنر کلنگ کاایک معاملہ سامنے آیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ مقامی لوگوں سے ملی معلومات کی بنیاد پر گھوسی کے رہنے والے شتروگھن سنگھ کے گھر سے اس کی بیٹی ایوشي کماری اور گاؤں کے ہی رامائن سنگھ کے بیٹے پرکاش کمار کی لاش آج صبح برآمد کی گئیں۔ دونوں لاشیں گھر کے ایک کمرے میں پھندے سے جھولتے ملی ہیں۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔ بادی النظرمیں واقعہ کے پیچھے آنر کلنگ کا معاملہ بتایا جا رہا ہے ۔ اسی درمیان معاملے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش کمار اعلی حکام کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں لڑکے کے چچا کا الزام ہے کہ پہلے اس کے بھتیجے کا قتل کیا گیاہے پھر اسے پھندے سے لٹکا دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔