حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ملک بھر میں کام کرنے والے ڈومسٹک ورکرس کے لیے اچھے دن کا وعدہ کیا جارہا ہے کیوں کہ وزارت لیبر نے ہندوستان بھر میں قومی پالیسی متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ جس کے تحت گھریلو ملازمین کو بنیادی تنخواہ ، تحفظات اور سماجی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ سنٹرل بورڈ کی جانب سے تیار کردہ مسودے کے بموجب ملازمین اپنے کام کی نوعیت کے حساب سے اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں ۔ جس کے حساب سے انہیں تنخواہ فراہم کی جائیں گی ۔ اس مسودے قانون کے تحت مرد اور خاتون ملازمین کے لیے صراحت فراہم ہوں گی ۔ وزارت کے ذرائع کے بموجب یو ایس پی پالیسی کے ذریعہ ملازمین کے لیے سماجی تحفظات اور دیگر سہولیات کا تعین کیا جائے گا اور اس کے تحت ملازمین ریاستی لیبر شعبہ میں اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں وزارت لیبر نے یہ بھی کہا ہے کہ ملازمین کے لیے کم از کم 9 ہزار روپئے تنخواہ مقرر کرنے کے علاوہ گھریلو ملازمین کے لیے کام کرنے کے گھنٹے اور آرام کرنے کے وقت کا تعین بھی کیا جائے گا ۔ گھریلو ملازمین کے تقررات حکومتی ایجنسیوں کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے اور اس پالیسی کے اطلاق کے لیے مرکزی ، ریاستی اور ضلعی سطح پر کمیٹی موجود رہے گی ۔۔