گھریلو ملازمہ کے جنسی استحصال کے الزام میں آئی اے ایس آفیسر گرفتار

رائے گڑھ ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک سینئیر آئی اے ایس آفیسر کو 16 سالہ لڑکی کے جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا جب کہ یہ لڑکی ان کے مکان میں ملازمہ تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کھرسیہ ریجن 56 سالہ اے کے دھوتی لہرے کو 4 ماہ قبل ایک لڑکی کو ہوس کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ تاہم ملزم آفیسر کو چھتیس گڑھ ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت منظور ہونے پر رہا کردیا گیا ۔ سب ڈیویژنل پولیس آفیسر اشوک واڑے گاونکر نے بتایا کہ بہت جلد مقامی عدالت میں چارج شیٹ پیش کردی جائے گی ۔ قبل ازیں متاثرہ لڑکی نے 15 جون کو رائے گڑھ کلکٹر اور ایس پی سے یہ شکایت کی تھی کہ دھرتی لہرے نے اس کا کئی مرتبہ جنسی استحصال کیا ہے جب کہ وہ ان کے مکان میں کام کرتی تھی ۔ یہ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ضلع انتظامیہ اور پولیس عہدیداروں پر مشتمل 4 رکنی مشترکہ ٹیم تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی تھی ۔ دریں اثناء ملزم آفیسر دھرتی لہری کا کلکٹر آفس رائے گڑھ تبادلہ کردیا گیا ہے ۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر دھرتی لہری کے خلاف کیس درج کیا گیا ۔۔