گھاٹکوپر دھماکے کے ملزم کی مہاراشٹرا پولیس کو حوالگی

احمدآباد ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے گھاٹکوپر علاقہ میں 2002ء دھماکے کے ایک مفرور ملزم کو گجرات اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (ATS) نے گرفتار کرلیا۔ دریں اثناء ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اے ٹی ایس کے عہدیداروں نے 45 سالہ یحییٰ عبدالرحمن شیخ کو مہاراشٹرا کے شہر اورنگ آباد سے گرفتار کرکے مہاراشٹرا پولیس کے حوالے کردیا۔ 2002ء میں گھاٹکوپر میں بم دھماکے کرنے کے بعد یحییٰ سعودی عرب فرار ہوگیا تھا اور صرف دو روز قبل ہی اورنگ آباد واپس آیا تھا۔ عہدیدار کے مطابق گجرات اے ٹی ایس کی ٹیم اورنگ آباد میں دراصل کسی دیگر کیس کیلئے گئی تھی۔ یحییٰ کو محض شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کرنے پر اس نے گھاٹکوپر دھماکے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا چونکہ گجرات میں اس کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے لہٰذا ہم نے اسے مہاراشٹرا پولیس کے حوالے کردیا۔ یاد رہیکہ 2 ڈسمبر 2002ء کو ممبئی کی بیسٹ بس میں جو اس وقت گھاٹکوپر سے گذر رہی تھی، زوردار دھماکہ ہوا تھا جس میں دو افراد ہلاک اور دیگر 50 زخمی ہوگئے تھے۔