رابرٹ واڈرا اور بھوپیندر سنگھ ہوڈا کے خلاف ایف آئی آر درج ۔ ہریانہ پولیس کی کارروائی
چندی گڑھ / گڑگاوں ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ پولیس نے گڑگاوں میں ایک اراضی معاملت میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا اور سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ مانیسر کے ڈپٹی کمشنر پولیس راجیش کمار نے بتایا کہ ایک ایف آئی آر رابرٹ واڈرا ‘ بھوپیندر سنگھ ہوڈا اور دو کمپنیوں ڈ ایل ایف اور اونکاریشور پراپرٹیز کے خلاف درج کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک مقامی شہری سریندر شرما سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں اس نے الزام عائد کیا تھا کہ اراضی معاملتوں میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ قبل ازیں فبروری میں سی بی آئی نے بھوپیندر سنگھ ہوڈا اور 33 دوسروں کے خلاف مانیسر اراضی معاملتوں میں رشوت ستانی کے الزامات پر چارچ شیٹ داخل کی تھی ۔ یہ اراضی معاملتیں 1,500 کروڑ روپئے کی بتائی گئی ہیں۔ چارش شیٹ مانیسر ‘ نورنگ پور اور لکھنولا گاووں میں ہوئی معاملتوں سے متعلق ہیں ۔ بی جے پی نے ان اراضی معاملتوں کو 2014 میں ایک بڑا انتخابی مسئلہ بنایا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ رابرٹ واڈرا کو ان مشکوک معاملتوں سے کافی آمدنی ہوئی ہے ۔انہوں نے سابقہ حکومتوں کی مدد سے کمیشن حاصل کئے ہیں۔ آج درج کردہ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رابرٹ واڈرا کی کمپنی نے گڑگاوں کے سیکٹر 83 میں 3.5 ایکڑ اراضی 7.5 کروڑ کی قیمت میں خریدی تھی اور بعد میں اس پر کمرشیل کالونی قائم کرنے کا حکومت سے اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد اسے 58 کروڑ روپئے میں فروخت کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایل ایف کو گڑگاوں میں 350 ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی تھی اور اس میں بھی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ۔ اس الاٹمنٹ سے ڈی ایل ایف کو 5,000 کروڑ روپئے کا فائدہ حاصل ہوا تھا ۔