گڑگائوں(ہریانہ)۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گوشت کی 500 دکانیں بشمول کے ایف سی شوروم قدیم گڑگائوں میں مبینہ طور پر 200 شیوسینکوں نے نوراتری کے موقع پر 9 دنوں کے لیے بند کروادیں۔ انہوں نے دکانوں کے مالکوں کو کل انتباہ دیا کہ ہر منگل کو ان کی دکانیں بند رکھی جائیں۔ گوشت کی دکانوں کے مالکوں کو بشمول کے ایف سی اور دیگر فاسٹ فوڈ شورومس کو ان کی دکانیں نوراتری کے اختتام تک ا ور ہر منگل کو بند رکھنے کی نوٹسیں دی جاچکی ہیں۔ صدر شیوسینا گڑگائوں گوتم سینی نے کہا کہ سینا کارکن پالم وہار میں کل جمع ہوئے تھے اور انہوں نے گوشت کا بازار اور ڈھابے جیسے بسم اللہ خان کا طعام خانہ دیگر علاقوں میں بھی بند کروادیئے۔ تاہم اے سی پی پی آر او گڑگائوں پولیس منیش سہگل نے کہا کہ گوشت کی بعض دکانیں بند کی گئیں لیکن بعد میں انہیں کھول دیا گیا۔ ان دکانوں کے پاس گوشت کی تجارت کے لائسنس موجود ہیں اور غیر قانونی طور پر بند کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔