گڈ فرائی ڈے پرکانفرنس کا تنازعہ بدبختانہ : چیف جسٹس

نئی دہلی۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف جسٹس آف انڈیا ایچ ایل دتو نے آج ان کے ساتھی جسٹس کورین جوزف کے ججس کانفرنس گڈ فرائی ڈے پر منعقد کرنے کے بارے میں تنازعہ کو ’’بدبختانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ’’خاندان‘‘ کا معاملہ ہے اور ہم اسے طئے کرلیں گے ۔ جسٹس دتو نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے ججس کو مدعو کیا گیا تھا اور صرف تین اعلیٰ سطحی ججس کی حاضری لازمی تھی۔ دیگر ججس کی غیر حاضری کوئی قابل اعتراض بات نہیں تھی۔ انہوں نے تنازعہ کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ اور ہفتہ دو روزہ کانفرنس درحقیقت کانفرنس نہیں بلکہ ججس کا اجلاس تھا جس میں مختلف مسائل پر جن کا تعلق عدلیہ سے ہے تبادلہ خیال کے ذریعہ ان کی یکسوئی کی جانے والی تھی ۔ جسٹس جوزف کے اعتراضات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ’’بدبختانہ‘‘ ہیں ‘ تاہم میں صدرخاندان ہوں اور اگر کوئی خاندان کا رکن مجھ سے کوئی سوال کرتاہے تو اس کی یکسوئی ہم باہمی طور پر کرلیں گے ۔ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ہائیکورٹس کے چیف جسٹسوںاور چیف منسٹرس کی چوٹی کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔