گڈکری کے فارم میں بوائیلر دھماکہ ایک ہلاک

مہاراشٹرا میں واقع فارم میں ہلدی پائوڈر بنانے کے دوران حادثہ
ناگپور۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نیتن گڈکری کے ارکان خاندان کی ملکیت والے ایک فارم میں بوائیلر دھماکہ سے ایک 45 سالہ مزدور ہلاک ہوا۔ دیگر دو زخمی بتائے جاتے ہیں۔ مہلوک ورکر کی پردیپ شری رام کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جبکہ دو دیگر زخمیوں کو دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ اس فارم میں واٹر بائیلرس ہلدی کا پائوڈر بنانے کا عمل جاری تھا کہ دھماکہ ہوا۔ مہاراشٹرا میں دھپواڑہ موضع میں واقع فارم میں دھماکہ کی اطلاع کے ساتھ ہی کالمیشور پولیس اسٹیشن کے انچارج چندر شیکھر بھاورے نے کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ بوائیلر میں ہوا جس سے 3 ورکرس وہاں سے فرار ہونے لگے تاہم ایک ورکر شری رام زمین پر گرپڑا اور شدید زخمی ہوا اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا، ایک اتفاقی موت کا کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔ انہوںن ے توثیق کی کہ یہ فام گڈکری کے خاندان کا ہے۔ جب نیتن گڈکری سے رابطہ قائم کیا گیا تو مانس اگرو انڈسٹریز کے پی آر او نے کہا کہ ہلدی پائوڈر تیار کرنے کے دوران یہ حادثہ ہوا ہے۔ تین ورکرس مل کر لکڑی کے چولہے پر بوائیلر رکھ کر آگ لگائی تھی کہ اچانک دھماکہ ہوا۔