گڈور کے سرکاری ہاسٹل میں سمیت غذا ‘27طالبات متاثر

مچھلی پٹنم۔6جولائی ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں ضلع کرشنا کے موضع گڈور میں لڑکیوں کے ایک سرکاری ہاسٹل میں سمیت غذا کے سبب کم سے کم 27 طالبات متاثر ہوئیں ۔ گڈور کی تحصیلدار بی ایل این راجکماری نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ ہاسٹل کی 27لڑکیوں نے رات کے کھانے کے بعد آج صبح دست و قئے اور پیٹ میں درد کی شکایت کی ‘‘ ۔ ایک میڈیکل آفیسر نے کہا کہ متاثرہ لڑکیوں کو گڈور کے ابتدائی طبی مرکز میں شریک کرلیا گیا ہے جہاں تمام لڑکیوں کے حالت مستحکم ہیں اور وہ خطرہ سے باہر ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق باسی کھانے کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ۔ آندھراپردیش کے وزراء ڈی اوما مہیشور راؤ ‘ کے رویندرا اور مقامی رکن اسمبلی کاگیتا وینکٹ راؤ نے ہاسٹل کا دورہ کیا ۔