گٹکھا، تمباکو اور ویاگرا پر سعودی عرب میں پابندی

عازمین حج ممنوعہ اشیاء لے جانے سے گریز کریں
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ گٹکھا، تمباکو، شراب، ویاگرا اور دیگر ممنوعہ اشیاء لے جانے سے گریز کریں۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں سرکیولر جاری کیا تاکہ عازمین حج کو ممنوعہ اشیاء کے بارے میں واقف کرایا جائے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ کونسل جنرل جدہ نے 23 جولائی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ سعودی عرب میں گٹکھا، تمباکو، شراب اور ویاگرا جیسی اشیاء پر پابندی ہے۔ اس کے علاوہ نارکوٹک ڈرگس پر سخت جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ عازمین حج کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ممنوعہ اشیاء ساتھ لے جانے سے گریز کریں۔ سعودی عرب میں ایمیگریشن حکام اس معاملہ میں انتہائی سخت ہیں اور ہندوستانی عازمین حج ممنوعہ اشیاء لے جانے کی صورت میں مختلف دشواریوں بشمول جیل کی سزا یا پھر ہندوستان واپسی کا سامنا کرسکتے ہیں۔ ان واقعات سے ہندوستان کی امیج بھی متاثر ہوگی۔ ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے تمام عازمین سے ان شرائط پر سختی سے عمل آوری کی خواہش کی اور ریاستی حج کمیٹیوں کو پابند کیا کہ اس سلسلہ میں موثر تشہیر کریں۔