گٹلہ بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی پر تعمیرات کا دوبارہ آغاز

ایڈوکیٹ کمیشن کے دورہ کے فوری بعد غیر مجاز قابضین کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی پر اچانک دوبارہ تعمیری کاموں کے آغاز پر وقف بورڈ نے پولیس میں شکایت درج کی ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے سہ رکنی ایڈوکیٹس کمیشن مقرر کیا گیا تھا جس نے اراضی کے موقف کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ اور اتوار کو تمام 9 سروے نمبرات کے تحت موجود قبرستان ، مسجد اور کھلی اراضی کا معائنہ کیا۔ غیر مجاز قابضین نے کمیشن کے دورہ کے موقع پر تعمیری سرگرمیوں کو روک دیا تھا لیکن پیر سے دوبارہ سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا اور تعمیراتی کام میں شدت پیدا کردی گئی ۔ مقامی افراد نے سخت احتجاج کیا اور اس کی اطلاع وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کو دی ۔ وقف بورڈ کی جانب سے 6 گارڈس اراضی پر تعینات کئے گئے جنہوں نے تعمیری کام روکنے کی کوشش کی ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے عہدیداروں کی دو ٹیموں کو گٹلہ بیگم پیٹ روانہ کیا اور پولیس میں شکایت درج کرنے کی ہدایت دی۔ وقف بورڈ کے عہدیدار جیسے ہی پہنچے تعمیری کام کو روک دیا گیا ۔ پولیس کی ٹیم پہنچی اور انہوں نے غیر مجاز قابضین کو انتباہ دیا کہ وہ عدالت میں کارروائی کی تکمیل تک کوئی کام انجام نہ دیں۔ ایڈوکیٹس کمیشن کو 16 جولائی سے قبل اپنی رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کرنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت میں سماعت سے قبل غیر مجاز قابضین تعمیرات کو پختہ بنانا چاہتے ہیں۔ وقف بورڈ کے سلسلے میں ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے کمیشن کو پھر ایک مرتبہ روانہ کرنے کی خواہش کرے گا۔