حیدرآباد ۔ 14 ۔جون (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کے علاقہ میں کل رات دیر گئے اس وقت ہلکی کشیدگی پھیل گئی جب غیر مجاز قابضین نے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ۔ قبروں کے نشانات مٹانے اور انہیں مسمار کرتے ہوئے لاریوں سے مٹی ڈالی جارہی تھی ۔ اطلاع ملتے ہی مسجد کمیٹی کے ذمہ دار محمد سلیم احمد اور مقامی افراد نے پہنچ کر احتجاج کیا۔ انہوں نے قبور کو مٹانے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے لاریوں روک دیا۔ مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر متعلقہ سب انسپکٹر نے ٹیم کو روانہ کیا۔ پولیس نے قبرستان کا معائنہ کرتے ہوئے مٹی منتقل کرنے والی لاریوں کو ضبط کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ واضح رہے کہ حیدرآباد ہائی کورٹ نے کل مقدمہ کی سماعت کے دوران غیر مجاز قابضین کی سرزنش کی تھی ۔ تعمیرات کے خلاف ہائیکورٹ کی ناراضگی کے باوجود رات دیگر قبرستان کو مٹانے کی کوشش کی گئی ۔ مقامی افراد کی فوری مداخلت سے یہ کوششیں ناکام ثابت ہوئیں ۔ اسی دوران پولیس مادھا پور نے قابضین کو پابند کیا ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔ ہائی کورٹ نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 28 جون کو مقرر ہے۔ وقف بورڈ نے قابضین کے خلاف توہین عدالت کے دو علحدہ مقدمات دائر کئے ہیں۔