گٹلابیگم پیٹ کی غیر مجاز تعمیرات کے خلاف وقف بورڈ کی کارروائی

سیاست کی خبر کا اثر
پولیس میں شکایت، عدالت سے رجوع ہونے صدرنشین محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلا بیگم پیٹ میں غیر مجاز تعمیرات سے متعلق سیاست میں خبر کی ا شاعت کے فوری بعد صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے خصوصی ٹیم کو روانہ کیا جس نے تعمیراتی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی ہے۔ محمد سلیم نے لیگل سیکشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی نوٹس دی جائے کیوں کہ انہوں نے عدالت کے حکم التوا کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیری سرگرمیوں کو جاری رکھا ہے۔ واضح رہے کہ سیاست نے انکشاف کیا تھا کہ عدالت کے حکم التوا کے باوجود مستقل تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور مسجد کے قریبی علاقہ تک تعمیری سرگرمیاں پہنچ چکی ہیں۔ وقف بورڈ کی جانب سے اراضی کے حق میں گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے حکم التوا جاری کرتے ہوئے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دی لیکن غیر مجاز قابضین نے تعمیرات میں تیزی پیدا کردی۔ عارضی شیڈس کے بجائے مستقل شیڈس کی تعمیر کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ وقف بورڈ حکام کی لاپرواہی اور مقامی پولیس کی خاموشی کے نتیجہ میں یہ سرگرمیاں عروج پر تھیں۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تعمیری سرگرمیوں پر روک لگانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے رجوع ہوکر غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں وکلاء کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کی تیاری کریں۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیم نے گٹلا بیگم پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور تعمیری سرگرمیوں کو روکنے کی ہدایت دی۔ وقف بورڈ کے عہدیدار پہنچتے ہی تعمیری سرگرمیوں کو روک دیا گیا۔ عہدیداروں نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق کمپنی نے تعمیری کام مکمل کرلیا اور عنقریب افتتاح کا بورڈ آویزاں کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کے متعلقہ انسپکٹر آڈیٹر کی خاموشی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ مقامی مسلمانوں اور مسجد کمیٹی نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وقف بورڈ سے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔