گویند پنسار ے قتل کی عاجلانہ تحقیقات پر زور

حکومت مہاراشٹرا کو ہائیکورٹ کی ہدایت

ممبئی ۔ 29 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے آج حکومت مہاراشٹرا سے کہا ہے کہ معقولیت پسند گویند پنسارے کے قتل کیس کی سی آئی ڈی تحقیقات میں تیزی پیدا کردی جائے۔ جسٹس رنجیت مورے اور جسٹس وی ایل اچھالیہ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے آج گویند پنسارے اور دوسرے مخالف توہمات جہدکار نریندر دھوبکر کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کیلئے ایک عرضی کی سماعت کی۔ پنسارے اور دھوبکر کے قتل کی تحقیقات میں پولیس کے بہترین تال میل پر زور دیتے ہوئے بنچ نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو اپنی کارروائی میں تیزی پیدا کرنا چاہئے۔ پنسارے خاندان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ابھئے نیوگی نے عدالت کو مطلع کیا ۔ ملزم سمیر گائیکواڈ کے خلاف 8 مارچ کو الزامات وضع کئے جاسکتے ہیں جبکہ دائیں بازو کی تنظیم سنتان سنستھا کے کارکن گائیکواڈ کو پنسارے قتل کیس میں گزشتہ سال ستمبر میں گرفتار کلیا گیا تھا۔ قبل ازیں مہاراشٹرا سی آئی ڈی نے عدالت کو بتایا کہ پنسارے قتل کیس میں گرفتار واحد ملزم گائیکواڈ کے خلاف چارج شیٹ تیار کرائی اور مزید تحقیقات جاری ہے کیونکہ ایک اورملزم کو گرفتار کرنے کی ضرورت ہے، جس پر ہائیکورٹ ججس نے استفسار کیا کہ اگر تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے تو چارج شیٹ کس طرح پیش کیا جاسکتا ۔ لہذا تحقیقات جلداز مکمل کرلی جائے۔