نئی دہلی ۔22مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹر نیٹ سرچ انجن گوگل نے آج ملک کے عظیم مصلح راجہ رام موہن رائے کی 246 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کو یاد کیا اور اپنا ڈوڈل انہیں نذر کیا ۔ مسٹر رام موہن رائے کی سالگرہ کے موقع پر گوگل نے ان کے لئے ایک خاص ڈوڈل بناکر انہیں یاد کیا جس میں انہیں سماج کی قیادت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔مسٹر رام موہن رائے نے سماج کی بھلائی کے لئے کئی کام کئے ۔ جن کی وجہ سے لوگ انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں ۔ کم عمری کی شادی سے لیکر ستی جیسی بری رسموں کو سماج سے ختم کرنے میں ان کا کردار اہم رہا ۔ اس وقت ان بری رسموں کو دور کرنا تو الگ ان کے خلاف آواز بلند کرنا بھی گناہ سمجھا جاتا تھا لیکن مصلح قوم اور صحافی رام موہن رائے نے ان تمام برے رسوم کی نہ صرف مخالفت کی بلکہ ان کا خاتمہ کرکے ہی دم لیا ۔ اس لئے انہیں ‘جدید ہند کا معمار’ بھی کہا جاتا ہے ۔