گوگل اور مائیکرو سافٹ طرز کے ادارے قائم کرنے کا مشورہ

سیوا گنگا( ٹاملناڈو) 9فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج نریندر مودی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر گجرات نے پھر ایک بار حقائق کے ساتھ فرضی انکاؤنٹر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2009ء لوک سبھا انتخابات میں ان کے حلقہ انتخاب میں مکرر گنتی نہیں ہوئی لیکن مودی نے کہاکہ ان کے حلقہ میںدوبارہ گنتی کی گئی تھی اور انہیں ’’ مکرر وزیر‘‘ قرار دیا تھا۔ پی چدمبرم نے ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی نے کل رات چینائی میں منعقدہ جلسہ عام میں پھر ایک بار حقائق کے ساتھ’ فرضی انکاؤنٹر‘ کیا ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ 2009ء لوک سبھا انتخابات میں ان کے پارلیمانی حلقہ سیوا گنگا میں صرف ایک مرتبہ ہی ووٹوں کی گنتی ہوئی ۔ اس کے علاوہ شکست خوردہ امیدوار کی شکایت یہ ہیکہ مکرر گنتی کیلئے ان کی تاخیر سے کی گئی درخواست کو رٹرننگ آفیسر نے مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص ( سوائے مودی کے ) اس حقیقیت کو جانتا ہے ۔

انہیں یقین ہیکہ نریندر مودی حقائق کے ساتھ مزید ’ فرضی انکاؤنٹر‘ کریں گے اور عوام کا دل بہلائیں گے ۔ نریندر مودی نے کل وزیر فینانس پی چدمبرم کی معاشیات کے بارے میں معلومات کا مضحکہ اڑایا ۔ مودی نے کہا تھا کہ ملک کو چلانے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ ہارورڈ کی نہیں ۔ ان کا اشارہ پی چدمبرم کی بیرون ملک تعلیم کی طرف تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس کو کسی کے بارے میں واقفیت نہیں جس کی وجہ سے ملک کی معیشت بگڑتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے میں ایک ’ مکرر گنتی کے وزیر‘ ہیں ۔ وہ انتخابات میں شکست کھاگئے لیکن دوبارہ گنتی کراتے ہوئے جیت گئے ۔ ان کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے ۔ وہ خود کے بارے میں یہ گمان رکھتے ہیں کہ جب بھگوان علم تقسیم کررہا تھا تو قطار میں وہ سب سے پہلے تھے ۔ مودی نے کہا کہ جب چدمبرم معاشیات کے بارے میں میرے علم کا مذاق اڑا رہے تھے تب میں خاموش رہا کیونکہ جتنا کیچڑ پھینکا جائے گا کنول اتنا ہی کھلے گا ۔ وزیر فینانس نے کہا تھا کہ معاشیات کے بارے میں مودی کی معلومات کو ڈاک ٹکٹ کے پیچھے لکھا جاسکتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ یو پی اے حکومت کی قیادت ایک ماہر معاشیات (وزیراعظم منموہن سنگھ ) کررہے ہیں ۔ وزیر فینانس بھی خود کو نہایت قابل سمجھتے ہیں ۔ چدمبرم کا یہ احساس ہیکہ ان سے زیادہ کوئی عقلمند نہیں ۔ مودی نے کہا کہ آپ کے صرف ڈاک ٹکٹ لگانے سے خط پہنچ نہیں جائے گا ۔