نئی دہلی۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے ہفتہ کو کہا کہ مہاتما گاندھی کی شخصیت کسی بھی شخصیت اور طاقت سے ماورا ہے اور پرگیہ سنگھ ٹھاکر جیسے لوگ ہندوستان کی روح کو ختم کرنے کے درپے ہیں اور بی جے پی کو چاہئے کہ فوری طور پر اس کو پارٹی سے نکال باہر کرے۔ کیلاش ستیارتھی کا ردعمل اس وقت سامنے آیا جس وقت بھوپال کی بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر جو مالیگاؤں دھماکہ کی ملزمہ گوڈسے کو ایک محب وطن شخص کہا تھا لیکن بعد میں وہ اپنے بیان سے مکر گئی اور کہا کہ وہ گاندھی عزت کرتی ہیں اور ملک کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ستیارتھی نے کہا کہ پرگیہ سنگھ جیسے لوگ نہ صرف ملک کی روح کو مجروح کررہے ہیں بلکہ عدم تشدد، امن اور بھائی چارگی جو ہندوستان کی شناخت ہے، ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں زور دے کر کہا کہ بی جے پی واقعی راج دھرم کے اصول پر عمل پیرا ہو تو اپنے معمولی فوائد سے اوپر اٹھے اور پرگیہ کو اپنی پارٹی سے فوری نکال باہر کرے۔ پرگیہ نے جمعرات کو کہا تھا کہ گوڈسے محب وطن تھا ، ہے اور رہے گا اور جو بھی اسے دہشت گرد قرار دے رہے ہیں، ان کو ان انتخابات میں سبق سکھائیں گی، وہ دراصل کمل ہاسن کے بیان کا حوالہ دے رہی تھیں۔ انہوں نے گوڈسے کو ’’پہلا ہندو دہشت گرد‘‘ قرار دیا تھا۔