بیڑ ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی امیدوار بیڑ لوک سبھا حلقہ گوپی ناتھ منڈے نے اپنے 38 کروڑ اثاثہ جات کے مالک ہونے کا اعلان کیا ہے۔ گوپی ناتھ منڈے نے اپنا پرچہ نامزدگی کے ساتھ جو حلف نامہ داخل کیا ہے اس میں اپنے 38 کروڑ کے اثاثہ جات ظاہر کئے ہیں۔
سبرتا رائے کو عبوری ضمانت کیلئے 10 ہزار کروڑ ادا کرنے کا حکم
نئی دہلی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سہارا گروپ کے سربراہ سبرتا رائے اور فرمس کے ڈائرکٹرس کو عبوری ضمانت حاصل کرنے کیلئے 10 ہزار کروڑ روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ وہ 4 مارچ سے جیل میں ہے۔ جسٹس کے ایس رادھا کرشنن اور جسٹس جے ایس کیھر پر مشتمل بنچ نے کہا کہ عبوری ضمانت صرف اسی صورت میں منظور کی جائے گی جب کمپنی ان شرائط کی تکمیل کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے رقم اکٹھا کرنے کیلئے فرمس کے بینک اکاونٹس کو غیرمنجمد کرنے سے اتفاق کیا۔ عدالت نے کہا کہ سبرتا رائے اور دو ڈائرکٹرس کو عبوری ضمانت کیلئے 10 ہزار کروڑ روپئے کی رقم ادا کرنی ہوگی۔ ان میں 5 ہزار کروڑ روپئے عدالت میں جمع کئے جائیں۔ مابقی رقم کیلئے کسی قومیائے ہوئے بینک کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔