گوٹے مالا میں مٹی کے تودے گرنے سے 69ہلاک

کئی گھر ملبہ میں دفن‘ مہلوکین میں نومولودبھی شامل ‘ امدادی کام جاری
سانتاکاٹیناپینولا( گوٹے مالا) ۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لاطینی ملک گوٹے مالا کے دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کے سبب درجنوں گھر ملبہ میں دفن ہوگئے اور اُس میں موجود کم سے کم 69 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس دوران عہدیداروں نے مہلوکین کی تعداد میں مزید  اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے ۔ مضافات میں اچانک مٹی کے تودے گرنے کے دو دن بعد تقریباً 300افراد ہنوز لاپتہ ہیں ‘ جس سے ان اندیشوں میں اضافہ ہوگیاہے کہ وہ بھی ملبہ میں دفن ہوگئے ہیں اور مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ آتش فرو عملے کی ترجمان جولیوسینچز نے جو ملبہ میں پھنسے ہوئے زندہ افراد کی تلاش کی دشوار گذار مہم کی قیادت کررہی ہیں کہا کہ کئی کمسن بچے جن میں چند نومولود بھی شامل ہیں سانتا کاٹیناپینولا میں فوت ہوئے ہیں ۔ جمعرات کی شب موسلادھار بارش کے نتیجہ میں مٹی کے تودے گرپڑے تھے ‘ ایک گاؤں الکامبرے عملاً ملبہ میں دفن ہوگیا جس کے 125مکانات تباہ ہوگئے ۔ ہفتہ کی صبح امدادی ٹیم کے کارکنوں ‘ پولیس ‘ سپاہیوں اور والینٹرس نے ملبہ کی صفائی کا آغاز کیا ۔ اس مہم میں آتش فرو عملہ کے دو کارکن زخمی ہوگئے جو منہدمہ دیوار میں پھنسی ایک نعش نکالنے کی کوشش کررہے تھے ۔