لڑکے اور لڑکیوں کے معیاری رشتے دستیاب، جناب زاہدعلی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد 26 اپریل (دکن نیوز) ادارہ سیاست و میناریٹیزڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام اتوار 27 اپریل کو صبح 10 تا 4 بجے شام گولکنڈہ گارڈن فنکشن ہال (مہدی پٹنم) رنگ روڈ پلر نمبر 123 میں 30 واں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوگا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف صدارت کریں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے۔ اس پروگرام میں مسلم لڑلوں اور لڑکیوں کے والدین و سرپرست موزوں و معیاری رشتوں کا انتخاب کریں گے۔ جناب محمد خواجہ معین الدین نے بتایا کہ پروگرام کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ اس مرتبہ بھی لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے 10 کاؤنٹرس (کونسلنگ) قائم کئے جارہے ہیں جن میں انجینئرنگ، گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹس، میڈیسن، انٹرمیڈیٹ، ووکیشنل، ایس ایس سی، عالم، فاضل، کم تعلیم یافتہ اور عقد ثانی کے کاؤنٹرس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جناب زاہد فاروقی کی نگرانی میں کمپیوٹرس سیکشن کام کرے گا تاکہ کمپیوٹرس کی مدد سے والدین اپنے بچوں و بچیوں کے پیامات کا مشاہدہ کرتے ہوئے رشتوں کا انتخاب کرسکیں گے۔ والدین و سرپرستوں سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ لڑکے و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹا ساتھ لائیں۔ نئے رجسٹریشن کا 10 بجے دن سے آغاز ہوگا۔ عوام کی سہولت کے لئے 20 کونسلرس اور 30 والینٹرس مقرر کئے جارہے ہیں جو پیامات کی نشاندہی اور رشتوں کے انتخاب کے سلسلہ میں والدین کی رہبری و رہنمائی کریں گے۔ دوبدو پروگرام کے سلسلہ میں جلسہ شعور بیداری بھی منعقد ہوگا۔ جناب ایم اے قدیر نے بتایا کہ دوبدو پروگرام میں رجسٹریشن دو بجے دن تک کھلا رہے گا۔ اس کے بعد بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کے لئے قبول نہیں کئے جائیں گے۔ فورم کے اراکین مسرس ڈاکٹر ایس اے مجید، اقبال احمد خان، خدیجہ سلطانہ، محمد برکت، وحیدہ خاتون، محمد فریدالدین، سید ناظم الدین، شاہد حسین، ضیاء الرشید، نثار احمد بیگ ایڈوکیٹ، احمد صدیقی مکیش، محمد نصراللہ خان، کوثر جہاں، ریحانہ نواز، میر انور الدین، صمد خان، تاج الدین (لوک آیوکت ڈپٹی انسپکٹر) و دیگر نے والدین و سرپرستوں سے اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے۔