نئی دہلی ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک نادر و نایاب نیکلس جو درمیان میں بڑے گولکنڈہ ہیرے سے مزین ہے، 27 مئی کو ہانگ کانگ میں مقرر کرسٹی ہراج میں 10 کروڑ امریکی ڈالر میں فروخت ہوسکتا ہے۔ ہیرے اور زمرد سے مزین یہ نیکلس ’چشم گولکنڈہ‘ سے موسوم و معروف ہے جو ایشیاء کے کسی بھی ہراج میں اب تک نیلام کیا جانے والا گولکنڈہ کا سب سے بڑا ہیرا ہے۔ دکن کا علاقہ گولکنڈہ ہیرے کی کانوں کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہے جہاں صرف دنیا کے چند انتہائی مشہور اور قیمتی ہیرے جواہرات برآمد ہوئے ہیں جن میں ’ہوپ ڈائمنڈ‘ ، آئیڈالس آئی‘ ، ’کوہِ نور‘ اور ’دریائے نور‘ شامل ہیں۔ تاہم مشہور و معروف فرانسیسی سیاح اور جوہری جین باپتیست ٹاورنیر (1605-1689) کے 17 ویں صدی کے دوران سفرہند اور دکن کے ہیروں کی خریدی نے نہ صرف فرانسیسی شاہی درباروں کو چکاچوند کردیا بلکہ ساری مغربی دنیا سے متعارف کروایا۔