گولکنڈہ میں اوقافی اراضی کے تحفظ کے اقدامات

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے رپورٹ طلب کی
حیدرآباد ۔ 29۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے گولکنڈہ میں واقع درگاہ حضرت سید شاہ بابا بغدادیؒ کی اوقافی اراضی کے تحفظ کے لئے وقف بورڈ عہدیداروں کو ہدایت جاری کی ہے ۔ انہوں نے اراضی کے سلسلہ میں متعلقہ وقف انسپکٹر سے رپورٹ طلب کی ۔ محمد سلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقف ریکارڈ کی بنیاد پر ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کریں اور پولیس میں شکایت درج کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2500 گز اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش کی جارہی ہے ۔ درگاہ اور مسجد کی اراضی کو نشانہ بنایا گیا ۔ مسجد پہنچنے والے راستہ کو بند کرنے کی سازش کی گئی ۔ مقامی افراد کی توجہ دہانی پر محمد سلیم نے وقف بورڈ ٹاسک فورس ٹیم کو اراضی کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وقف اراضی کا بہر صورت تحفظ کیا جائے ۔ وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی جائیدادوں کے تحفظ پر اولین ترجیح دے۔