لڑکوں اور لڑکیوں کے علحدہ کونسلنگ سنٹرس ، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( دکن نیوز ) : مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں موزوں رشتے طئے کرنے کے لیے والدین و سرپرستوں کا 30 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 27 اپریل ، 10 بجے دن تا 4 بجے شام گولکنڈہ گارڈن فنکشن ہال مہدی پٹنم رنگ روڈ روبرو پلر نمبر 123 منعقد ہوگا ۔ اس سلسلہ میں کل شام مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی عاملہ کا خصوصی اجلاس دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست پر منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ لڑکوں و لڑکیوں کی تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے 10 کونسلنگ سنٹرس قائم کئے جائیں ، ہر کاونٹر پر دو کونسلرس کے علاوہ دو والینٹرس کو متعین کیا جائے گا جو رشتوں کی نشاندہی ، انتخاب کے سلسلہ میں والدین کی رہبری و رہنمائی کریں گے ۔ میڈیسن ، انجینئرنگ ، پوسٹ گریجویشن ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، گریجویٹس ، انٹر میڈیٹ ، ووکیشنل ، ایس ایس سی ، حافظ و عالم فاضل اور کم تعلیم یافتہ لڑکوں و لڑکیوں کے لیے علحدہ علحدہ کاونٹرس ہوں گے ۔ اس کے علاوہ عقد ثانی کے لیے خصوصی کونسلنگ مرکز قائم کیا جارہا ہے ۔ جہاں مطلقہ ، بیوہ لڑکیوں کے رشتے دستیاب رہیں گے ۔ اس سلسلہ میں 20کونسلرس اور 30 والینٹرس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ جناب عابد صدیقی نے بتایا کہ 26 اپریل تک دفتر ایم ڈی ایف اور اس کے بعد گولکنڈہ گارڈن فنکشن ہال پر 27 اپریل اتوار 10 بجے دن تا 2 بجے دن تک رجسٹریشن کروانے کی سہولت حاصل رہے گی ۔ انہوں نے والدین و سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ہمراہ نئے رجسٹریشن کے لیے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹا ساتھ لائیں جو لوگ پہلے ہی رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ رجسٹریشن کارڈ کے ساتھ بائیو ڈاٹا و فوٹو ہمراہ لائیں ۔ ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے منعقد ہونے والے اس پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلی ایم ڈی ایف کریں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیر مقدم کریں گے ۔ اجلاس میں مسرس اقبال احمد خاں ، ڈاکٹر محمد ایوب حیدری ، ڈاکٹر ایس اے مجید نائب صدور ، محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری ، محترمہ خدیجہ سلطانہ ، محمد برکت علی ، وحیدہ خاتون ، ریحانہ نواز ، محمد فرید الدین ، احمد صدیق مکیش ، محمد نصر اللہ خاں ، میر انور الدین ، محمد احمد اور دوسروں نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر ایوب حیدری کی قرات سے اجلاس کا آغاز ہوا ۔ جناب خواجہ معین الدین نعت شریف پیش کی ۔۔