گولکنڈہ اور ڈیفنس علاقوں میں سخت سکیورٹی

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) پلوامہ دہشت گرد حملہ کے جواب میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے پاکستان کے دہشت گرد ٹھکانوں پر حملوں کے بعد شہر حیدرآباد کے اہم علاقوں میں خاص کر گولکنڈہ اور ڈیفنس علاقوں میں سخت سکیورٹی کردی گئی ہے۔ دفاعی تنصیبات کے باہر سکیورٹی جوانوں نے مورچے سنبھال لیا ہے۔ سکندرآباد میں واقع 10 اہم ڈیفنس اداروں کی پولیس نے نشاندہی کرتے ہوئے سکیورٹی کو سخت بنایا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ان کے محکمہ کی جانب سے شہر میں دفاعی تنصیبات پر سکیورٹی کو سخت بنانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ بولارم، ماریڈپلی، کارخانہ اور ترملگیری پولیس اسٹیشنس حدود میں سکیورٹی کو تیز کردیا گیا ہے۔ لنگرحوض اور اِس سے متصل علاقوں میں بھی سکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ ایس کملیشور نے کہاکہ اہم تنصیبات کے اطراف پولیس کی پٹرولنگ بھی بڑھادی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے ڈی آر ڈی او کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔