نئی دہلی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے گولڈ مونیٹائزیشن اسکیم (جی ایم ایس) کے تحت ابھی تک 2.8 میٹرک ٹن سونا جمع کرلیا ہے۔ پارلیمنٹ کو آج یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ اسکیم زائد از 6 ماہ سے لاگو ہے۔ مملکتی وزیر فینانس جینت سنہا نے راجیہ سبھا کو تحریری جواب میں بتایا کہ سونے کو رقم میں بدلنے کی اسکیم کا اعلان مرکزی بجٹ 2015-16ء میں کیا گیا تھا اور اسے 5 نومبر 2015ء کو شروع کردیا گیا اور تب سے اس اسکیم کے تحت 105 ڈپازیٹرس نے جملہ 2.8 میٹرک ٹن سونا جمع کرایا ہے۔ مندروں اور ٹرسٹوں کی طرف سے تاحال کئی جملہ 1512 کیلو گرام سونا ڈپازٹ کرایا گیا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد ملک کے گھرانوں اور ادارہ جات میں یونہی فاضل پڑے سونے کو فائدہ کیلئے استعمال میں لانا ہے اور طویل مدت میں ملک کا سونے کی درآمد پر انحصار گھٹانا بھی مقصود ہے۔ ایک علحدہ سوال پر وزیرموصوف نے کہا کہ 20 اپریل 2016 ء پردھان منتری جن دھن یوجنا کے تحت 21.61 کروڑ کھاتے کھولے گئے۔