گوشہ محل ڈیویژن کی وقف اراضیات سے قبضہ جات کو برخاست کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : تلگو دیشم پارٹی نے شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر واقع وقف اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کو برخاست کرنے کے لیے اسپیشل آفیسر اسٹیٹ وقف بورڈ کو یادداشت پیش کی ہے ۔ اس ضمن میں مسٹر ایم آنند کمار گوڑ گریٹر حیدرآباد ترجمان تلگو دیشم پارٹی و کنوینر واٹر ورکس ڈپارٹمنٹ نے جناب محمد جلال الدین اکبر اسپیشل آفیسر وقف بورڈ سے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کر کے ایک یادداشت پیش کر کے بتایا کہ معظم جاہی مارکٹ ٹریفک سگنل اور فیل خانہ مچھلی مارکٹ میں واقع اوقافی اراضیات پر مبینہ طور پر چند افراد نے ناجائز قبضہ کرلیا ہے ۔ جن کو سابق کانگریس حکومت کے ایک وزیر کی سرپرستی حاصل ہے ۔ انہوں نے اپنی نمائندگی میں مزید بتایا کہ گوشہ محل ڈیویژن میں وقف کے کئی اراضیات ہیں ۔ جس پر قبضہ کیا جارہا ہے ۔ مسٹر آنند کمار نے اسپیشل آفیسر سے درخواست کی کہ وہ اس جانب توجہ دے کر اس کی تحقیقات کروائیں اور ناجائز قبضہ جات کو برخاست کر کے اراضی کو بورڈ کی تحویل میں لے لیں ۔۔