گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں سہ رخی مقابلہ یقینی

حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): سابق وزیر ڈی ناگیندر کو ٹی آر ایس امیدوار بنائے جانے کے بعد اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں مقابلہ سہ رخی ہوگا ۔ بی جے پی سے راجہ سنگھ ، کانگریس سے مکیش گوڑ کو اپنی اپنی پارٹی کے ٹکٹس تقریبا یقینی ہیں ۔ آخر کار ڈی ناگیندر کو اس حلقہ سے ٹی آر ایس ٹکٹ دئیے جانے کی وجوہات کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس میں داخلی مفاہمت کے چرچوں کے درمیان ڈی ناگیندر کو ٹی آر ایس کا ٹکٹ دینا کافی اہمیت کا مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ اور اس حلقہ میں موجود ٹی آر ایس قائدین میں ڈی ناگیندر کافی طاقتور ہیں ۔ جب کہ ڈی ناگیندر نے حلقہ اسمبلی آصف نگر سے تین مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی اور فی الحال آصف نگر حلقہ کے تین ڈیویژنس حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں شامل ہیں اور اس بات کا چرچا بھی چل رہا ہے کہ طاقتور امیدوار کے ذریعہ راجا سنگھ کو شکست دے کر انہیں اسمبلی میں قدم رکھنے سے روکا جائے گا اور اس پلان کو ایک ریاستی وزیر تیار کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ اور یہ بھی اطلاع ہے کہ ٹی آر ایس کے ساتھ مل کر ایم آئی ایم نے اس منصوبہ کو تیار کیا ہے ۔ مکیش گوڑ ، ڈی ناگیندر دونوں طاقتور امیدوار ہونے کی وجہ سے راجدھانی کی سیاست اور خاص کر شہر کے درمیانی حلقہ گوشہ محل میں سیاسی سرگرمیاں کافی عروج پر پہونچ گئی ہیں ۔۔