گوشۂ کے این واصف کے ساتھ ماہنامہ شگوفہ کا تازہ شمارہ

حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : زندہ دلان حیدرآباد کے ترجمان ماہنامہ شگوفہ کا تازہ شمارہ روزنامہ سیاست کے نمائندہ خصوصی برائے سعودی عرب کے این واصف کے خصوصی گوشے کے ساتھ زیر ادارت ڈاکٹر سید مصطفی کمال شایع ہوا ہے ۔ اس گوشے میں کے این واصف کی خاکہ نگاری اور شخصیت پر عذرا نقوی ، غوث ارسلان ، محمد سیف الدین اور ڈاکٹر عزیر غازی کے مضامین اور سات مختلف ادیبوں اور شاعروں پر ان کے شگفتہ خاکے شریک ہیں ۔ فیاض احمد فیضی اور نور الحسنین کے پروفیسر عبدالستار دلوی اور بشر نواز پر لکھے گئے دو خاکے اور عطا الحق قاسمی اور سیما شکور کے مضامین بھی شامل ہیں ۔ نامور محقق و نقاد ڈاکٹر اشفاق احمد ورک نے غالب کے خطوط سے استفادہ کرتے ہوئے غالب کی ایک دلچسپ اور معرکتہ الآرا خود نوشت ترتیب دی ہے ، جس کا ہر لفظ خود غالب کا لکھا ہوا ہے اور جس کی روشنی میں مرزا غالب اردو کے اولین خاکہ نگار قرار پاتے ہیں ۔ 66 صفحات پر مشتمل شگوفہ کا یہ شمارہ ہدیٰ بک اسٹال پرانی حویلی ، اے ون بک اسٹال فرسٹ لانسر اور دفتر شگوفہ مجردگاہ سے شام کے اوقات میں حاصل کیا جاسکتا ہے نیز ویب سائٹ shugoofa.com سے انٹر نیٹ پر بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔۔