گوری لنکیش کے قتل کے خلاف شہر میں صحافیوں کا شدید احتجاج

خاطیوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، فاشسٹ طاقتوں کی مذمت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بنگلور میں سیکولرازم کی علمبردار بے باک صحافی گوری لنکیش کے بہیمانہ قتل پر سارے ملک میں برہمی کی لہر پائی جاتی ہے ۔ حیدرآباد میں بھی صحافیوں دانشوروں و مفکرین کے علاوہ فکر مند شہریوں نے فتح میدان کے سامنے زبردست احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ انڈین جرنلسٹس یونین کی جانب سے منعقدہ اس احتجاج میں ٹی یو ڈبلیو جے اس سے ملحقہ ایچ یو جے کے عہدیدار و ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ فضا تلگو ، اردو ، ہندی اور انگریزی نعروں سے گونج رہی تھی ۔ صحافتی برادری نے ’ نہیں چلے گی ، نہیں چلے گی ، غنڈہ گردی نہیں چلے گی ‘ گوری کے قاتلوں کو پھانسی دو پھانسی دو ، آواز دو ہم ایک ہیں ، آر ایس ایس ، بی جے پی ڈاؤن ڈاؤن ، جیسے نعرے بلند کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے تھے ۔

احتجاجی مظاہرہ میں انڈین جرنلسٹس یونین کے سینئیر لیڈر کے سرینواس ریڈی آئی جے یو کے سکریٹری جنرل ڈی امر ، سکریٹری آئی جے یو وائی نریندر ریڈی کانگریس ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ، چیف ایڈیٹر ساکشی مسٹر رامچندر مورتی ، 99 ٹی وی کے چیف ایڈیٹر اجیتھا ، ٹی وی 9 کے ان پٹ ایڈیٹر مرلی کرشنا ، آندھرا جیوتی کے ایڈیٹر مسٹر کے سرینواس ، سماجی جہد کار پروفیسر ویشویشور راؤ ، سندھیا ، دیوی جیون ریڈی ، آئی جے یو ایکزیکٹیو ممبر ایم اے ماجد ، صدر ایچ یو جے محمد ریاض احمد ، سکریٹری ایس شنکر گوڑ ، سابق صدر سید خلیل قادری ، ارکان سید غوث محی الدین ، نعیم غوری اور زاہد فاروقی بھی موجود تھے ۔ مسٹر سرینواس ریڈی ، مسٹر ڈی امر ، یونین کے قائدین کے علاوہ پروفیسر ویشویشور راؤ اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے بعد میں مختلف ٹی وی چیانلوں سے بات کرتے ہوئے اس بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت معقولیت پسندوں ، انسانیت نواز مفکرین و دانشوروں اور فرقہ پرستوں کے خلاف ڈٹ جانے والے صحافیوں پر حملے کئے جارہے ہیں اور انہیں قتل کیا جارہا ہے ۔ ان قائدین نے مرکزی اور کرناٹک کی ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خاطیوں کو جلد سے جلد گرفتار کرتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہنچائے ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ آج ملک میں مسلمان ، دلت اور بے باک صحافی کوئی بھی محفوظ نہیں ہے ۔ عدم روا داری کا عفریت سر ابھار رہا ہے ۔ جس کی بیخ کنی ضروری ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کے غیر معمولی اتحاد کی ستائش بھی کی ۔ اسی دوران صدر ایچ یو جے محمد ریاض احمد ، سکریٹری ایس تنکر گوڑ جوائنٹ سکریٹری ، امیر حسین حبیب ، سابق صدر ایچ یو جے سید خلیل قادری اور جنید ملتانی نے بتایا کہ جمعرات کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے تاریخی چارمینار کے دامن میں احتجاجی مظاہرہ منظم کیا جائے گا ۔ جس میں آئی جے یو ٹی یو ڈبلیو جے کے قائدین بھی شرکت کریں گے ۔۔