پونے ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صحافی گوری لنکیش کے قتل کیس کے تین ملزمین ایک اور کارکن نریندر دھابولکر کے قتل میں بھی سازشی رہے ہیں۔ ان میں سے ایک نے دھابولکر کو گولی مارنے والے کو اسلحہ کی ٹریننگ دی تھی ۔ سی بی آئی نے آج ایک عدالت سے یہ بات کہی ۔ سی بی آئی نے سچن اندورے کو گذشتہ مہینے گرفتار کیا تھا جو دھابولکر پر فائرنگ کرنے والوںمیں شامل تھا ۔ سی بی آئی نے راجیش بنگیرا اور امیت دگویکر کو اندورے کے ساتھ پونے کی عدالت میں پیش کیا ۔ اندورے کی سی بی آئی ریمانڈ آج ختم ہوئی تھی ۔بنگیرا اور دگویکر دونوں ہی گوری لنکیش قتل کیس میں بھی ملوث ہیں۔ عدالت نے دگویکر اور بنگیرا کو 10 ستمبر تک سی بی آئی تحویل میں دیدیا جبکہ اندورے کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔ سی بی آئی نے عدالت سے کہا کہ دونوں مقدمات کے ملزمین کے مابین رابطے ہیں اسی لئے انہیں سی بی آئی کی تحویل میں دیا جانا چاہئے ۔ بنگیرا ایک سرکاری ملازم ہے اور وہ کرناٹک میں کانگریس ایم ایل سی کا پی اے بھی تھا ۔ اس نے شوٹرس کو ٹریننگ دی تھی ۔ اندورے اور شرد کلاسکر نے دھابولکر کو ہلاک کیا تھا ۔ سی بی آئی کے وکیل وجئے کمار ڈھکانے نے عدالت سے یہ بات کہی ۔ کہا گیا ہے کہ بنگیرا دھابولکر کے قتل کی سازش میں بھی ملوث تھا اور سی بی آئی کو اس سے پوچھ تاچھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ اس نے ٹریننگ کہا ںدی تھی ۔