گورکھپور ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) تیز رفتار پاسنجر ٹرین سگنل توڑ کر دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں 13 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوگئے۔ ریلوے عہدیداروں کے مطابق کریشک ایکسپریس نے نندن نگر ریلوے کراسنگ پر لکھنؤ سے آرہی ایکسپریس ٹرین کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں براونی ایکسپریس کے تین ڈبے بری طرح تباہ ہوگئے۔ چیف پبلک ریلیشن آفیسر نارتھ ایسٹرن ریلوے الوک کمار سنگھ نے بتایا کہ 13 مہلوکین میں 11 مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کریشک ایکسپریس کے پائلٹ اور اسسٹنٹ پائلٹ کو سگنل توڑنے کی پاداش میں معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگنل پر ٹرین کو رک جانا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور بادی النظر میں یہی حادثہ کا سبب بنا۔ 12 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ وزیر ریلوے سدانند گوڑا نے مقام حادثہ کا دورہ کیا اور مہلوکین کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا۔