گورکھپور سرکاری ہاسپٹل میں مزید 10 بچوں کی اموات

گورکھپور۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گورکھپور کے سرکاری بی آر ڈی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں مزید 10 بچے مختلف بیماریوں کے سبب فوت ہوگئے۔ اس طرح جاریہ سال مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1,351 ہوگئی ہے۔ میڈیکل کالج کے نئے تقرر کردہ پرنسپل ڈاکٹر پی کے سنگھ نے بتایا کہ 10 مہلوکین میں ایک کی دماغی بخار کے سبب موت واقع ہوئی۔ ہاسپٹل میں بچوں کی اموات پر عوام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے اور یہاں خاطر خواہ علاج و معالجہ کی سہولتیں فراہم نہ ہونے کی شکایات ہیں۔ سابق پرنسپل راجیو مشرا اور ان کی اہلیہ پورنیما شکلا کو بچوں کی اموات کے سلسلے میں پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر پی کے سنگھ نے بتایا کہ آج 17 نئے مریضوں کو این آئی سی یو اور 32 دیگر کو جنرل پڈیاٹرک وارڈ میں شریک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کل کہا تھا کہ ہاسپٹل میں طبی سہولیات بہتر بنانے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔