دارجلنگ۔2اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک لاری جس میں غذائی اجناس بھرے ہوئے تھے ‘ علحدہ ریاست گورکھالینڈ کا مطالبہ کرنے والے احتجاجیوں نے آج غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے 49ویں دن دارجلنگ کے قریب نذرآتش کردی ۔ پولیس ذرائع کے بموجب لاری میں ایک مقامی دکان کے غذائی اجناس بھرے ہیوئے تھے جنہیں احتجاجیوں نے دارجلنگ ریلوے اسٹیشن کے قریب نذرآتش کردیا اور 70ہزار روپئے نقد رقم لوٹ لی ۔ ایک خانگی کار کو بھی آج قبل ازیں نذرآتش کیا گیا ۔ ضلع دارجلنگ کے انتظامیہ کے بموجب دارجلنگ کی صورتحال ہنوز بہتر نہیں ہوئی ۔ انٹرنیٹ پر امتناع اب بھی جاری ہے ۔ دارجلنگ ہلز میں صورتحال اچھی نہیں ہے ۔صورتحال بہتر ہونے پر امتناع کے احکام سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے ۔ انٹرنیٹ خدمات بھی 18جون سے بند ہیں ۔ دریں اثناء جی جے ایم اور دیگر پہاڑی پارٹیوں کے کارکن انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے کے مطالبہ پر دھرنا دے رہے ہیں ‘ سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ تمام پولیس اسٹیشنوں ‘ کیمپوں اور چوکیوں پر گورکھا لینڈ حامی احتجاجیوں کے حملہ کا اندیشہ ہے ۔ غذائی سربراہی بری طرح متاثر ہوئی ہے کیونکہ تمام بازار بند ہیں ۔ کارکن اور این جی اوزمقامی افراد میں ترکاریاں اور غذائی اجناس تقسیم کررہے ہیں ۔