لکچرارس کے عدم تقررات پر طلبہ پریشان حال ، سمسٹر امتحانات پر نظر ثانی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ /10 اکٹوبر (سیاست نیوز) گورنمنٹ ڈگری کالجس میں لکچررس کی شدید کمی ہے اور اکثر کالجس میں مضامین کے مطابق لکچررس نہ ہونے کی وجہ سے پڑھایا ہی نہیں جارہا ہے جبکہ سمسٹر سسٹم پر عمل آوری کی وجہ سے آئندہ ماہ امتحانات منعقد ہونے والے ہیں اور اسباق نہ پڑھائے جانے کی وجہ سے طلبہ امتحانات سے متعلق فکر مند ہوگئے ہیں ۔ دراصل ڈگری کالجس میں تعلیمی سال کے آغاز سے ہی کسی نہ کسی رکاوٹ کی وجہ سے داخلوں کے معاملہ میں بھی مسائل درپیش ہیں اور کالجس میں سیٹوں کی بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے مرحلہ وار داخلے دیئے گئے ۔بعد ازاں لکچررس کے تبادلوں کی وجہ سے اکثر کالجس میں لکچررس کی کافی جائیدادیں مخلوعہ ہوگئیں ۔ مگر ان جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات ہی نہیں کئے گئے اور تعلیمی سال کے آغاز ہوئے کئی ماہ گزرجانے کی وجہ سے طلبہ کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ سے عہدیداران نے گیسٹ لکچررس کے تقررات کرنے کی حالیہ دنوں میں اجازت دی ہے ۔ گریٹر کی حدود میں واقع ڈگری کالجس میں سے اکثر کالجس میں صرف 25% نصاب ہی پڑھایا گیا ہے اور 75% نصاب تاحال نہیں پڑھایا گیا ہے جبکہ تاحال دو امتحانات منعقد کئے جاچکے ہیں اور نومبر کے تیسرے ہفتہ میں سمسٹر کے امتحانات منعقد ہونے والے ہیں اور تعطیلات کے ایام کے استثنیٰ کے بعد امتحانات کیلئے صرف 30 دن سے بھی کم وقفہ رہ گیا ہے ۔ ان حالات میں طلبہ استفسار کررہے ہیں کہ اتنی قلیل مدت میں 75% نصاب کس طرح مکمل کیا جائے گا ۔ لہذا امتحانات کو مزید ایک ماہ تک کیلئے موخر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ گورنمنٹ ڈگری کالجس میں لکچررس کی ناکافی تعداد ہے تو دوسری جانب حکومت نے ڈگری کالجس طلبہ کے داخلوں میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے جس کی وجہ سے گریٹر کی حدود میں تقریباً 1500 طلبہ کا اضافہ ہوا اور طلبہ کی تعداد کے مطابق لکچررس کے تقررات کے معاملہ میں عہدیداران نے کم از کم توجہ نہیں کی اور طلبہ کی جانب سے شدید اعتراض آنے کی وجہ سے عہدیداران نے حالیہ دنوں میں گیسٹ لکچررس کے تقررات کے احکامات جاری کیا۔ اور نوتقرر شدہ لکچررس کا کہنا ہے کہ بہت ہی کم وقت میں 75% نصاب مکمل کرنا کافی مشکل ہے جبکہ اولیائے طلباء اپنے بچوں کے مستقبل کو لیکر کافی پریشان ہیں ۔
جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔10 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 11 اکٹوبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا عبدالقوی مخاطب کریںگے ۔۔